’انتظامیہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہی تو احتجاجی مہم کو وسیع کیا جائے گا‘

سرینگر: حکومت کی جانب سے بجلی بلوں میں غیر منصفانہ اضافہ کرنے اور سمارٹ واٹر میٹر نصب کرنے کی تیاریوں کے خلاف آج سرینگر میں اپنی پارٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اپنی پارٹی نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے وادی میں صارفین کی بجلی بلوں میں کمی نہیں کی اور وادی سمارٹ واٹر میٹر نصب کرنے کا ارادہ ترک نہیں کیا تو احتجاجی مہم کو وسیع کیا جائے گا۔

یہ احتجاجی مظاہرہ پارٹی کے ہیڈ آفس شیخ باغ، سرینگر کے قریب ہوا۔ تاہم پولیس نے مظاہرین کو لالچوک کی طرف مارچ کرنے سے روک دیا۔ مظاہرین میں پارٹی کے ریاستی سکریٹری اور ترجمانِ اعلیٰ منتظر محی الدین ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ اور دیگر سینئر لیڈران بھی شامل تھے۔

مظاہرین نے لیفٹنٹ گورنر انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور اس پر الزام عائد کیا کہ وہ کشمیر میں بجلی کے بلوں میں غیر منصفانہ اضافہ کرکے اور سمارٹ واٹر میٹرز لگانے کی تیاری کر کے لوگوں کو مشکلات سے دوچار کر رہی ہے۔

بعد ازاں، نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، منتظر محی الدین نے کہا، ’’یہ احتجاجی مظاہرہ سرینگر شہر کے پارٹی کارکنوں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے اور وادی میں سمارٹ واٹر میٹر لگانے کے حکومت کے ارادے کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے کیا تھا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’انتظامیہ عام شہریوں کی شدید مشکلات سے دوچار کررہی ہے۔ اکثر لوگ مشکل سے اپنا گزارہ کررہے ہیں اور وہ غیر منصفانہ بجلی بلیں اور اضافی پانی کا بل ادا نہیں کرسکتے ہیں۔‘‘

انہوں نے متنبہ کیا کہ ’’اگر حکومت نے بجلی کے نرخوں میں کمی نہیں کی اور سمارٹ واٹر میٹر لگانے کا منصوبہ ترک نہیں کیا تو اپنی پارٹی پوری وادی میں احتجاج کا سلسلہ وادی بھر میں وسیع کرے گی۔‘‘