کہا، ان شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے جموں کشمیر میں ایک جمہوری دور کا آغاز ہوا

جے کے نیو‌ز ٹوڑے

سرینگر: اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے 13 جولائی 1931 کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’یہ دن ہماری تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی روز ہمارے متعدد اسلاف نے عوام کے حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں ہی جموں کشمیر کو آزادی نصیب ہوئی اور یہاں ایک جمہوری دور کا آغاز ہوگیا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’یہ تاریخی دن یہاں کے عوام کو جمہوریت کے لیے کھڑے ہونے اور لوگوں کے جمہوری حقوق کی حفاظت کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔ اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔ ہم جمہوریت کے فروغ کےلئے ان شہداء کے مشن کو برقرار رکھنے کی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

سید محمد الطاف بخاری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوگوں کو شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کل یعنی 13 جولائی کو مزار شہدا واقع نقشبند صاحب جانے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا، ’’وادی میں لوگ تقریباً ایک صدی سے یہ یوم شہدا مناتے آئے ہیں۔ اس روز شہدا کے ورثا اور عام لوگ مزار شہدا جاتے تھے۔ یہاں تک کہ اس ضمن میں سرکاری تقریب کا انعقاد بھی کیا جاتا تھا اور اس روز سرکاری تعطیل رہتی تھی۔ اپنی پارٹی کا مطالبہ ہےکہ لوگوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اس روایتی طریقہ کار کو بحال کیا جائے۔‘‘